لکھنو 11 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے اقتدار والی ریاستوں میں حکومتوں کو بیدخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے انحراف کرنے والے عوامی نمائندوں کی رکنیت کو ختم کرنے کیلئے سخت قوانین بنانے کی وکالت کی ہے ۔ انہوں نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے ہیں جب کرناٹک اور گوا میں سیاسی اتھل پتھل چل رہی ہے ۔ کرناٹک میں کانگریس ۔ جے ڈی ایس کے 16 ارکان اسمبلی نے استعفے پیش کردئے ہیں جبکہ گوا میں کانگریس کے 10 ارکان اسمبلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ بی ایس پی سربراہ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ بی جے پی پیسے کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میںچھیڑ چھاڑ کے ذریعہ اقتدار پر آئی ہے تاہم اس نے اب غیر بی جے پی ریاستی حکومتوں کو بیدخل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ 2018 اور 2019 کے اسمبلی انتخابات میں اسے جو شکست ہوئی ہے اس کی خفت کو مٹایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے بی جے پی ایک بار پھر کرناٹک کے ارکان اسمبلی کو توڑنے کیلئے پیسے کا استعمال کر رہی ہے وہ ملک کی جمہوریت پر ایک بدنما داغ ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ جو لوگ وفاداریاں بدلتے ہیں ان کی رکنیت کو ختم کرنے کیلئے ملک میں سخت ترین قوانین تیار کئے جائیں۔