بی جے پی اگر پرانے شہر میںمستحکم ہوناچاہتی ہے تو مجلس سے مفاہمت کرے

   

Ferty9 Clinic

ٹی آر ایس پر زعفرانی جماعت کے الزامات مسترد ، سرینواس یادو کا بیان

حیدرآباد۔15اگسٹ(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ میں استحکام چاہتی ہے تو اس کا خیر مقدم کیا جاتا ہے لیکن اس مقصد کیلئے تلنگانہ راشٹر سمیتی اور مجلس کے تعلقات کو نشانہ بناتے ہوئے عوام کو گمراہ نہ کرے بلکہ اگر پرانے شہر میں بھارتیہ جنتا پارٹی استحکام چاہتی ہے تو وہ مجلس سے مفاہمت کرلے۔ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی قیادت کو یہ مشورہ دیا اور کہا کہ ٹی آر ایس اور مجلس کی دوستی کو نشانہ بناتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور اس کے لئے فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے ذریعہ عوام کو خوفزدہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اگر جمہوری انداز میں پارٹی کو مستحکم کرنا چاہتی ہے تو اس کا خیر مقدم کیا جائے گا مگر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو مکدر کرتے ہوئے سیاست کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ریاستی وزیر نے بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین سے استفسار کیا کہ انہیں عوام کے دل جیتنے سے کس نے روکا ہے‘ وہ اگر تلنگانہ ریاست کے عوام کا دل جیتنا چاہتے ہیں تو ریاست میں جاری پراجکٹس کو قومی پراجکٹس کا درجہ دیتے ہوئے فنڈس کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ انہیں ریاست میں قدم جمانے میں کوئی دشواری نہ ہو۔ ٹی سرینواس یادو نے دعوی کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو منفرد اسکیمات روشناس کروائی گئی ہیں اور حکومت نے جو انتظامی امور میں تبدیلیاں لائی ہیں اس کے سبب عوام تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ساتھ ہیں اور بھاری اکثریت سے تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدواروں کو منتخب کر رہے ہیں لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے بے بنیاد پروپگنڈہ کے ذریعہ نہ صرف تلنگانہ عوام کو گمراہ کیا جا رہاہے بلکہ حکومت کو بد نام کرنے کیلئے چیف منسٹر اور ان کے خاندان پر تنقید کی جا رہی ہے ۔ رکن اسمبلی مسٹر بی سمن نے بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی اپنے فسطائی ایجنڈہ کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہو ںنے بھارتیہ جنتا پارٹی قیادت کے نام کھلا خط تحریر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی میں بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے کردار کو واضح کرے اور اس بات سے تلنگانہ عوام کو واقف کروائے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے تلنگانہ کے لئے کونسے ترقیاتی منصوبے تیا رکئے ہیں۔