بی جے پی ایم ایل اے پولیس آفسر کے سامنے جھک گئے

   

مئوگنج، بھوپال: مدھیہ پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی پردیپ پٹیل کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ضلع کے ایک سینئر پولیس افسر کے سامنے سجدہ ریز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ایم ایل اے کی طرف سے ریوا پولیس کے انسپکٹر جنرل کو لکھے گئے خط کی کاپی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے اپنے ضلع مئوگنج کوغیر قانونی منشیات کی گرفت میں ہونے کی بات کہی ہے ۔ خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ ان کے اسمبلی حلقہ کے ہر گاؤں میں غیر قانونی نشہ آور اشیاء فروخت ہو رہی ہیں اور اس معاملے میں موثر پولیس کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے جرائم میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا ہے کہ مجرموں کو پولیس کا کوئی خوف نہیں ہے اور وہ پولیس پر جان لیوا حملے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے خط میں درخواست کی ہے کہ پولیس منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد اور انہیں تحفظ فراہم کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرے ۔اس کے ساتھ ہی وائرل ویڈیو میں مسٹر پٹیل سینئر پولیس افسر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) انوراگ پانڈے کے سامنے جھک گئے۔