بی جے پی ایم پی ریتا بہوگنا کو 6 ماہ قید کی سزا

   

لکھنؤ: اترپردیش میں لکھنؤ کی ایک عدالت نے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی کو 2012 کے یوپی اسمبلی انتخابات کے دوران مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر چھ ماہ کی قید اور 1100 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ ایم پی ایم ایل اے کورٹ کے اسپیشل ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ امبریش کمار سریواستو نے الہ آباد سے موجودہ بی جے پی ایم پی جوشی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابی میٹنگ کرنے کا قصوروار ٹھہرایا تھا۔استغاثہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ 17 فروری 2012 کی شام تقریباً 6.50 بجے ریتا بہوگنا جوشی نے کرشنا نگر کے بجرنگ نگر علاقے میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی ایک جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے یہ انتخاب لکھنؤ کینٹ اسمبلی سیٹ سے جیتا تھا۔ اس وقت ریتا بہوگنا جوشی کانگریس میں تھیں اور بعد میں بی جے پی میں شامل ہو گئی تھیں۔ وہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلی آنجہانی ہیم وتی نندن بہوگنا کی بیٹی ہیں۔