کولکاتا : ترنمول کانگریس کے نصف درجن ارکان اسمبلی کو دو روز قبل ہی بی جے پی میں شامل کرکے ممتا بنرجی کو جھٹکا دینے کی کوشش کئے جانے کے بعد ٹی ایم سی نے بھی بی جے پی یوتھ ونگ کے صدر اور رکن پارلیمنٹ سومترا خان کی اہلیہ سجاتا مونڈل کو ترنمول کانگریس میں شامل کرکے جواب دیا ہے ۔سجاتا نے آج ترنمول کانگریس کے ہیڈکوارٹر میں سینئر ایم پی سوگت رائے کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سومترا خان نے 2014ء میں ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی مگر 2019کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے ۔وہ موجودہ طورپر بنگال یوتھ فرنٹ کے سربراہ بھی ہیں ۔ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کے بعدسجاتا نے کہا کہ بی جے پی کے پاس زمین سے جڑے قائدین نہیں ہے ،اس لئے ترنمول کانگریس کے لیڈرو ں کو وزیر اور نائب وزرائے اعلیٰ کی لالچ دے کر پارٹی میں شامل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شویندو ادھیکاری لیڈر نہیں بلکہ غنڈہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی چھوڑ کر ترنمو ل کانگریس میں سکون کی سانس لینے کے لئے آئی ہوں ۔سومترا خان نے سجاتا کے فیصلے کو ’فاش غلطی ‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ بہت جلد سجاتا کو طلاق کا نوٹس بھیجیں گے ۔ سجاتانے کہا کہ بی جے پی نااہل لوگوں کو جگہ دیتی ہے ۔ پارٹی کیلئے لڑنے والوں کو بی جے پی میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔سجاتا نے کہا کہ ادھیکاری لیڈر نہیں ہے بلکہ ظالم ہے ، میں انہیں لیڈر نہیں مانتی ۔لوگوں کو خوف زدہ کرکے سیاست کررہے ہیں ۔