پونے : بھارتیہ جنتا پارٹی کے علیل رکن پارلیمنٹ گریش باپٹ کا پونے کے ایک اسپتال میں علاج کے دوران دیہانت ہو گیا، پارٹی رہنماؤں نے چہارشنبہ کو ان کے بارے میں اطلاع دی ۔وہ 72 سال کے تھے ۔ دینا ناتھ منگیشکر اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کی طرف سے میڈیکل بلیٹن جاری کرنے کے فوراً بعدہی انہوں نے آخری سانس لی، جس میں انہیں ‘شدید بیمار’ قرار دیاگیا، اور لائف سپورٹ سسٹم پر رکھنے کی بات کہی گئی تھی۔ بی جے پی کے ریاستی اور مرکزی قائدین کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں کے دیگر افراد نے باپٹ کے انتقال پر سوگ کا اظہار کیا ہے ۔ پونے کے قصبہ پیٹھ اسمبلی حلقہ سے پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں، وہ ایمرجنسی کے دوران تقریباً 19 ماہ تک جیل میں رہے اور 2019 میں پہلی بار لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے ۔ کچھ عرصے سے طبیعت ٹھیک نہ رہنے کے باعث سینئر رہنما گھر میں زیر علاج تھے لیکن آج دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں چند گھنٹوں بعد ان کا دیہانت ہوگیا۔