لکھنؤ: 5 اگست (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ترنگا یاترا پر تنقید کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ بی جے پی حکومت کو بتانا چاہئے کہ 2014 کے مقابلے میں اب ملک کا رقبہ کتنا ہے ۔پارٹی کے سینئر لیڈر جنیشور مشرا کے 93 ویں یوم پیدائش کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو بتانا چاہئے کہ 2014 میں جب وہ اقتدار میں آئی تو ملک کا رقبہ کیا تھا اور اب ملک کا رقبہ کتنا ہے ۔ بی جے پی حکومت جب یہ جواب دے دے پھر اسے ترنگا لے کر گھومنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جنیشور مشرا نے ساری زندگی سوشلسٹ تحریک کو مضبوط کیا۔ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا، چھوٹے لوہیا جنیشور مشرا اور ملائم سنگھ یادو نے جو سماجوادی راستہ دکھایا ہے اس سے ملک اور سماج میں خوشحالی آئے گی۔ سوشلسٹ اصولوں اور پروگراموں کے ذریعے ہر طبقہ کو عزت ملے گی۔ سوشلسٹ اصولوں پر چل کر ملک مضبوط ہوگا۔ ملک کی سرحدیں مضبوط ہوں گی۔یادو نے کہا کہ سماج وادی حکومت نے جنیشور مشرا پارک میں سب سے بڑا ترنگا جھنڈا لہرایا تھا۔ پی اے سی اور پولیس کے بینڈ وقتاً فوقتاً یہاں پریڈ کیا کرتے تھے ۔ ترنگے کے دشمنوں نے پریڈ روکوا دی۔