بی جے پی برسراقتدار آنے پر یوم آزادی تلنگانہ کی سرکاری تقاریب

   

بی جے پی دفتر اور دیگر مقامات پر پرچم کشائی، کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کی تقاریر
حیدرآباد۔17 ۔ستمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کی جانب سے آج تلنگانہ یوم آزادی تقریب منائی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ہر سال سرکاری سطح پر یہ تقریب منعقد کی جائے۔ نامپلی میں واقع بی جے پی دفتر میں مرکزی وزیر کشن ریڈی نے قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی برسر اقتدارآنے کے فوری بعد 17 ستمبر کو یوم آزادی کے طور پر منانے کے احکامات پر پہلی دستخط کی جائے گی ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے کاما ریڈی ضلع میں قومی پرچم لہرایا۔ مشیر آباد میں بی جے پی کے سابق صدر ڈاکٹر لکشمن نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اور شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا۔ بی جے پی قائدین نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت مجلس کے خوف کے نتیجہ میں سرکاری طور پر یوم آزادی منانے سے گریز کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہا کہ نظام دور حکومت کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کی گئی اور مخالفت کرنے والوں کے خلاف نظام حکومت نے سخت کارروائی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو حیدرآباد کی تاریخ سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور کانگریس حکومتوں نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اور ٹی آر ایس دونوں مجلس کے اشارہ پر کام کر رہے ہیں۔ کشن ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسی کے خلاف جدوجہد تیز کی جائے گی۔ R