بی جے پی برسراقتدار آگئی تو بنگال گنگا میں غرق ہو جائیگا: سکھیندو شیکھر

   

کولکاتا : مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ترنمول کانگریس لیڈران کا بی جے پی پر حملہ دن بہ دن تیز ہوتا جا رہا ہے۔ جمعہ کو جہاں رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں نے بی جے پی کے برسراقتدار ہونے پر مسلمانوں کی الٹی گنتی شروع ہو جانے کا بیان دیا تھا، وہیں آج سکھیندو شیکھر رائے نے کہا ہے کہ ’’بی جے پی اقتدار میں آگئی تو مغربی بنگال گنگا میں غرق ہو جائے گا۔‘‘ترنمول کانگریس لیڈر اور راجیہ سبھا رکن شیکھر نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ اس کے سبھی پروجیکٹ اور منصوبے نامکمل رہ جاتے ہیں، اور ایسے میں مغربی بنگال کی ترقیاتی رفتار ٹھپ ہو جائے گی۔ انھوں نے بی جے پی کے اس دعویٰ کا مذاق بھی اُڑایا کہ اگر وہ اسمبلی انتخاب میں کامیاب ہوتی ہے تو ریاست کو ’سونار بانگلہ‘ (خوشحال بنگال) میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ سکھیندو نے کہا کہ ’’بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت نے شاید ہی کوئی وعدہ پورا کیا ہو۔‘‘شیکھر رائے نے وزیر اعظم مودی کے گزشتہ کئی وعدوں کی مثال بھی پیش کی جو بعد میں محض جملے ثابت ہوئے اور اس کیلئے اپوزیشن پارٹیوں نے ہمیشہ مودی حکومت پر تنقید کی۔