بی جے پی بلدی انتخابات میں شاندار نتائج حاصل کرنے میں کامیاب

   

مسائل اور رکاوٹوں کیساتھ مقابلہ، یوم جمہوریہ تقریب سے ڈاکٹر لکشمن کا خطاب

حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی بی جے پی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے اس بات کا ادعا کیاکہ ریاست میں منعقدہ بلدی انتخابات میں بی جے پی کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کا سختی کے ساتھ مقابلہ کرکے بہتر نتائج کے حصول میں بی جے پی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ آج ریاستی بی جے پی آفس پر یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں قومی پرچم کشائی انجام دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ مرکزی حکومت کے پروگراموں و اسکیموں پر تلنگانہ حکومت عمل آوری نہیں کررہی ہے اور ریاستی حکومت پر دستور ہند کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ مرکزی حکومت کسی بھی معاملہ میں ریاستی حکومت کے ساتھ امتیاز ہرگز نہیں برت رہی ہے اور تلنگانہ ریاست کو واجب الادا رقومات مکمل طور پر فراہم کررہی ہے۔ صدر ریاستی بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے علاقائی جماعتوں کو متحد کرنے سے متعلق کئے گئے اظہار کا مضحکہ اُڑایا اور کہاکہ چیف منسٹر کے اس موقف کی ہرگز کوئی تائید نہیں کریں گے۔ انھوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے دریافت کیاکہ آیا ایک ذمہ دار چیف منسٹر کی حیثیت سے سی اے اے کو مذاق کا موضوع بناتے ہوئے اظہار خیال کرنا چندرشیکھر راؤ کے لئے کس حد تک مناسب بات ہوگی؟ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ مذہب کے نام پر عوام کو اُکسانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن بی جے پی اور ریاستی عوام موقع پرست سیاسی قائدین کو ان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر بہتر سبق سکھائیں گے۔ صدر ریاستی بی جے پی نے کہاکہ صدر مجلس اسدالدین اویسی کی مبینہ سازش کا حصہ بن کر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ بات کررہے ہیں۔ اسی دوران اس موقع پر موجود مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے کہاکہ بعض سیاسی جماعتیں مرکزی حکومت کے تعلق سے غلط تشہیر کررہے ہیں جبکہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت تمام شعبہ جات میں ترقی دینے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹوں کے حصول اور عہدے کے حصول کیلئے غیر جمہوری اقدامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔