کانگریس قائدین سے اتم کمار ریڈی کی خواہش‘ بلدی انتخابات میں انتخابی حکمت عملی کاجائزہ
نظام آباد :22؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر و نظام آباد پارلیمانی انچارج اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ آنے والے بلدی انتخابات میں نظام آباد میونسپل کارپوریشن سمیت تمام میونسپلٹیز میں کانگریس پارٹی کو کلین سویپ دلانے کے لیے منظم اور سنجیدہ حکمت عملی کے ساتھ کام کیا جائے۔ حیدرآباد میں گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ کی موجودگی میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کی۔اس اجلاس میں نظام آباد اور جگتیال اضلاع کی میونسپل انتخابات سے متعلق تیاریوں، انتخابی حکمت عملی اور زمینی سطح پر پارٹی کی مضبوطی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کی سازشوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے الزام عاعد کیا کہ بی جے پی حسبِ معمول مذہب کے نام پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بلدی انتخابات کو ہرگز ہلکے میں نہ لینے اور کسی بھی قسم کی لاپروائی سے گریز کرنے کی سخت ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام قائدین مکمل تال میل کے ساتھ محنت کریں اور ان انتخابات کو وقار کا مسئلہ سمجھتے ہوئے میدان میں اتریں۔ اتم کمار ریڈی نے گرام پنچایت انتخابات میں عوام نے اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کے مقابلے میں کانگریس کو زیادہ حمایت دی، اسی جذبے اور رفتار کو بلدی انتخابات میں بھی برقرار رکھتے ہوئے تمام میونسپلٹیز میں کامیابی حاصل کی جائے۔ اس اجلاس میں حکومتی مشیر سدرشن ریڈی، محمد علی شبیر، سابق وزراء جیون ریڈی، منڈوا وینکٹیشور راؤ ضلع کانگریس صدر ناگیش ریڈی کے علاوہ دیگر سینئر قائدین نے شرکت کی۔