کے سی آر کو گریٹر حیدرآباد کارپوریشن کے انتخابات کا چیلنج، دوسرے میعاد میں ٹی آر ایس کی مقبولیت میں کمی
حیدرآباد۔ 13 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ دوسری مرتبہ ٹی آر ایس کو اقتدار ملنے کے بعد کے سی آر کی مقبولیت کا گراف تیزی سے گرچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں نریندر مودی اور بی جے پی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر کے ضمنی انتخابات کے نتائج سے بی جے پی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکثر و بیشتر ضمنی انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی کو کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ لہٰذا بی جے پی کو شکست سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ا نہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مجوزہ بلدی انتخابات میں بی جے پی کا مظاہرہ شاندار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں بی جے پی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ تلنگانہ بی جے پی کی طاقت کیا ہے اس کا مظاہرہ ہم بلدی انتخابات میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں تمام بلدی وارڈس میں بی جے پی مقابلہ کرے گی۔ کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں کرپشن اور بدعنوانیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن کے مطابق سابق میں ورکرس اور ملازمین کے سی آر کے ساتھ تھے لیکن ان کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجہ میں دوری پیدا ہوچکی ہے۔ کے سی آر انتخابات میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ٹی آر ایس کے لیے ریفرنڈم کی طرح ہیں اور حکومت کے بارے میں عوام کی رائے کا نتائج سے پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ گریٹر حیدرآباد بلدی چنائو میں بی جے پی کا مظاہرہ شاندار رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر کے سی آر میں ہمت ہو تو وہ میعاد کی تکمیل کے فوری بعد جی ایس ایم سی کے انتخابات منعقد کریں۔ صدر بی جے پی نے آر ٹی سی کے اثاثہ جات کی تقسیم کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے بعض علاقوں میں آر ٹی سی کی اراضی کو پٹرول بنکس کے لیے الاٹ کیا ہے۔ اس مسئلہ پر بی جے پی مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان سے نمائندگی کرے گی۔ کروڑہا روپئے مالیتی اثاثہ جات کو قریبی افراد کے حوالے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کئی اہم جی اوز کو راض میں رکھ رہی ہے جس کے ذریعہ حکومت سے قربت رکھنے والے افراد کو فائدہ پہنچایا گیا۔ مرکزی وزراء کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت کی ستائش کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر لکشمن نے کہاکہ مرکز اور ریاست تعلقات کے سبب مرکزی وزراء چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہیں اور اسکیمات پر گفتگو ہوتی ہے۔ دونوں کی ملاقات کو سیاسی طورپر نہیں دیکھی جانا چاہئے۔ بی جے پی کے نئے ریاستی صدر کے انتخاب کے بارے میں ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ نیا صدر کون ہوگا ڈسمبر میں پتہ چل جائے گا۔ پارٹی ہائی کمان نئے صدر کے بارے میں انتخاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت جو بھی فیصلہ کرتی ہے، وہ پارٹی کے مفاد میں رہے گا۔ ڈاکٹر لکشمن نے آر ٹی سی یونین سے مذاکرات کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہائی کورٹ کی مداخلت کے باوجود چیف منسٹر کا ہٹ دھرمی کا رویہ افسوسناک ہے۔