ہندوؤں کو رام مندر کے علاوہ دیگر منادر کے مفت درشن کرائے گی، تین جلسوں سے خطاب
حیدرآباد ۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوتے ہی سب سے پہلے مسلم تحفظات کو منسوخ کردیا جائے گا۔ ہندوؤں کو رام مندر کے علاوہ دوسرے منادر کا مفت درشن کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سقوط حیدرآباد 17 ستمبر کی سرکاری طور پر تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسمبلی حلقہ جات گدوال، نلگنڈہ اور ورنگل میں بی جے پی کے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے ووٹ بنک کو مضبوط کرنے کیلئے مسلمانوں کو مذہبی طور پر 4 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے اور بی آر ایس اس کو جاری رکھی ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوتے ہی سب سے پہلے 4 فیصد مسلم تحفظات ختم کردیا جائے گا اور یہ 4 فیصد تحفظات بی سی اور او بی سی طبقات کو فراہم کیا جائے گا۔ مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ بی جے پی نے وعدے کے مطابق شاندار رام مندر تعمیر کروایا ہے۔ تلنگانہ کے ہندو بھائی ہیں اس مندر کے درشن کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم ان کیلئے مالیاتی مسئلہ ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت قائم ہوتے ہی تمام ہندوؤں کو رام مندر کے ساتھ ملک کے دیگر منادر کے درشن کرنے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ گجرات کے سپوت سردار ولبھ بھائی پٹیل نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظام حکومت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد اسٹیٹ کو انڈین مملکت میں شامل کرایا ہے۔ کرناٹک اور مہاراشٹرا میں 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب منائی جاتی ہے مگر تلنگانہ میں مسلمانوں اور مجلس کے ڈر سے کانگریس، تلگودیشم اور بی آر ایس سرکاری تقریب نہیں منارہی ہے۔ بی جے پی کی حکومت قائم ہونے کے بعد 17 ستمبر کی سرکاری تقاریب منائے گی۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں بی سی قائد کو چیف منسٹر بناتے ہوئے بی سی طبقات سے انصاف کرے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی نے دلت طبقہ میں اے بی سی ڈی زمرہ بندی کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے اس پر بھی جلد از جلد عمل آوری ہوگی۔ن