بی جے پی تمام 17 حلقوں سے مقابلہ کریگی

   

۔400 لوک سبھا نشستوں کا حصول ہمارا نشانہ : دتاتریہ کا بیان
حیدرآباد 3 فبروری ( پی ٹی آئی ) بی جے پی ‘ تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کریگی اور تمام 17 لوک سبھا حلقوں سے امیدوار نامزد کئے جائیں گے ۔ سینئر پارٹی لیڈر بنڈارو دتاتریہ نے یہ بات بتائی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ان کی پارٹی اس بار لوک سبھا انتخابات میں 400 سے زائد نشستیں حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے سابق مرکزی وزیر و رکن پارلیمنٹ نے دعوی کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کرپشن سے پاک حکومت فراہم کی ہے اور ان کی امیج اور مقبولیت میںاضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آزادانہ طور پر تلنگانہ کی تمام 17 لوک سبھا نشستوں کیلئے مقابلہ کریگی ۔ اسمبلی انتخابات کا پس منظر بالکل مختلف ہوتا ہے ۔ یہ پارلیمانی انتخاب ہے اور ہم پر امید ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو صرف ایک اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کسی نہ کسی اسکام میں ملوث ہیں اور وہ نریندر مودی کو اسی لئے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ انہیں اقلیتوں کے ووٹ مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ کانگریس صدر راہول گاندھی ہوں ‘ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی ہوں یا تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو ہوں یا پھر تلنگانہ چیف منسٹر کے سی آر کوئی بھی مودی کی مقبولیت کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔