میدک میں سی پی ایم کا اجلاس ، چکاراملو و دیگر کاخطاب
میدک ۔16 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سی پی ایم ریاستی کمیٹی کے رکن چکّا رامولو نے کہا کہ تلنگانہ کسان مسلح جدوجہد کی تاریخ کو مسخ کرنے اور عوام میں انتشار پیدا کرنے کی بی جے پی کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ وہ آج میدک ٹاؤن میں کیول کشن بھون میں سی پی ایم ضلع کمیٹی کی جانب سے منعقدہ ’’تلنگانہ کسان مسلح جدوجہد: حقائق اور مسخ شدگیاں‘‘ کے عنوان پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کی صدارت بی بالا منی، ضلع کمیٹی رکن نے کی۔ چکّا رامولو نے کہا کہ تلگو زبان و ثقافت کے تحفظ کے لئے تشکیل پانے والی انجمن نے عوام کو نظام کی آمریت کے خلاف بیدار کیا، جس کے نتیجہ میں 1946 سے 1951 تک کسانوں اور عوام نے مسلح جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، جس کا اس جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں رہا، اب تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ راملو نے الزام عائد کیا کہ آج برسر اقتدار بی جے پی عوامی جمہوری حقوق کو کچل رہی ہے، دستور کے بنیادی اصولوں کو بدلنے کی سازش کر رہی ہے اور عوامی اداروں کو سرمایہ داروں کے حوالے کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان یوریا کے لئے قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں، جو مرکز اور ریاستی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ تلنگانہ کسان مسلح جدوجہد کی روح کے ساتھ عوام کو تحریکیں چلانی ہوں گی تاکہ ان سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ اس موقع پر سی پی ایم ریاستی کمیٹی رکن ایم اڈیویہ، ضلع کمیٹی ارکان اے ملیشم، کے ملیشم، جے سنتوش، اجے کمار، پروین، ناگراجو، اور قائدین ستیہ نارائنا، درگا، یادگیری، ونکٹ، ساوتری، کویتا، درگیش، بابو، سائیلو، منجولا اور دیگر کارکن شریک تھے۔