بی جے پی جھوٹی خبر پھیلانے میں ملوث، میڈیا پارٹ کا ردعمل

   

سوروس، امریکی حکومت اور ہندوستانی اپوزیشن کے مبینہ گٹھ جوڑ کے الزامات کی مذمت
پیرس: فرانس کے ذرائع ابلاغ کے ادارہ ’میڈیا پارٹ‘ نے کہا ہیکہ بی جے پی سازشی نظریہ کی جو باتیں پھیلارہی ہے، اس کی تائید میں کوئی حقائق نہیں ہیں۔ میڈیا پارٹ کی پبلشر کیرین فوٹو نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ان کا تحقیقاتی ادارہ مذمت کرتا ہے کہ بی جے پی اس کے رپورٹ کا استحصال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دعوؤں میں کوئی سچائی نہیں کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، امریکی ارب پتی جارج سوروس اور ہندوستانی اپوزیشن کے مابین کوئی گٹھ جوڑ ہے۔ برسراقتدار پارٹی نے پارلیمنٹ میں اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر میڈیا پارٹ کی ایک اور تحقیقاتی میڈیا نٹ ورک (آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجکٹ) کے بارے میں رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس اور اس کے قائدین کو موردالزام ٹھہرایا ہے کہ وہ سوروس اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی مبینہ حمایت کے ذریعہ وزیراعظم نریندرمودی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ میڈیا پارٹ کی پبلشر نے اپنے ادارہ کا دوٹوک موقف پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم ہند مودی کی پارٹی اپنے سیاسی ایجنڈہ کی تکمیل اور آزادیٔ صحافت پر حملے کیلئے میڈیا پارٹ کو استعمال کررہی ہے۔ بی جے پی نے میڈیا پارٹ کے حوالے سے ایسی آرٹیکل کا استحصال کیا جو ہم نے کبھی شائع نہیں کیا۔ بی جے پی نے جھوٹی خبر پھیلنے کا کام کیا ہے۔ میڈیا پارٹ نے ہندوستان میں برسرکار بین الاقوامی صحافیوں کی بھرپور تائید کی جو دیانتداری سے کام کررہے ہیں۔