بی جے پی حکومت‘ بی سی طبقات کو فوری تحفظات فراہم کرے :سی پی ایم

   

سنگاریڈی 15 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی میں سی پی ایم ضلع سکریٹری گولاپلی جے راجو نے مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی بی جے پی حکومت فوری طور پر بی سی طبقات (پسماندہ طبقات) کے تحفظات کے لیے قانون نافذ کرے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی سی طبقات کو 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے فیصلے کو مرکز نے روک رکھا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں بل پیش کر کے اسے نویں شیڈول میں شامل کرے تاکہ بی سی طبقات کو پائیدار تحفظات حاصل ہوں گولاپلی جے راجو نے مزید کہا کہ بی جے پی ریاستی سطح پر تو بی سی ریزرویشن بل کی حمایت کرتی ہے مگر مرکز میں اسے التوا میں ڈال رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر ریاستی حکومت ذات پات کی مردم شماری کر کے اسمبلی میں قرارداد منظور کر کے صدرِ جمہوریہ کو بھیجتی ہے، تو بھی مرکزی حکومت اسے نافذ کرنے میں رکاوٹ ڈالتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی ہو چکے ہیں جے راجو نے تمام پارٹی کارکنوں اور بی سی انجمنوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ 17 اکتوبر کو منعقد ہونے والے “چلو راج بھون” پروگرام میں بھرپور شرکت کریں تاکہ مرکز پر دباؤ بڑھایا جا سکے اس موقع پر سی پی ایم کے قائدین اے مانکیام، رمیش گوڑ، جنگا گوڑ، شیکھر اور دیگر موجود تھے۔