لکھنؤ:04 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کانگریس نے چہارشنبہ کو بی جے پی کی ریاستی و مرکزی حکومتوں پر خواتین کی سیکورٹی کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مین پوری،سنبھل اور ریاست کے دیگر اضلاع میں حال ہی میں پیش آئے اجتماعی عصمت دری اور قتل کے واقعہ کو مثال کے طور پر پیش کیا۔یوپی اسمبلی میں پارٹی کی لیڈر آرادھنا مشرا‘‘مونا’ نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت کو خواتین و لڑکیوں کا سیفٹی انڈکس جاری کرنا چاہئے جس کی مانیٹرنگ ایک کمیشن کے ذریعہ کرائی جائے ۔اس انڈکس میں حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے کالج ہاسٹل اور دیگر مقامات پررہنے والی لڑکیوں کی تعداد کا ذکر ہوناچاہئے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت کے پاس اس ضمن میں کوئی ڈاٹا نہیں ہے کہ کتنی لڑکیاں ہاسٹل میں رہتی ہیں اور ان کی سیکورٹی کے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔کانگریس لیڈر نے یوگی حکومت کے اس دعوی کی بھی تنقید کی جس میں حکومت نے نظم ونسق میں بہتری خاص طور سے خواتین کے خلاف جرائم میں کمی کا دعوی کیا ہے ۔محترمہ مونا نے چہارشنبہ کو میڈیا نمائندوں سے کہا کہ این سی آر بی رپورٹ واضح طور پر کہتی ہے کہ سال 2017 میں خواتین سے متعلق معاملے میں چارج شیٹ فائل کرنے کی شرح گر کر 86.6 فیصد ہوگئی ہے جوکہ سال 2013 میں 95.4 فیصدی تھا۔یہ اس بات کا گماز ہے کہ پولیس کس طرح سے کام کررہی ہے ۔