بی جے پی حکومت عوام پر بوجھ ، بی آر ایس غریبوں کی مددگار

   


ظہیرآباد میں منی حج ہاؤز کا سنگ بنیاد اور دیگر کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح ، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب
میونسپل شاپنگ کامپلکس کو مرحوم محمد فریدالدین کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان

ظہیرآباد ۔ 27 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر خزانہ وصحت عامہ ٹی ہریش راؤ نے لطیف روڈ ظہیرآباد میں ایک کروڑ روپے لاگتی منی حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں اسی ضمن میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کو تربیتی حج کیمپ منعقد کرنے کی سہولت رہے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عمارت کی تعمیر میں مزید درکار رقم اجراء کی جائے گی۔ انہوں یاد دلایا کہ مرحوم محمد فرید الدین سابق ایم ایل سی کی منی حج ہاؤز اور مسلم شادی خانہ کی دیرینہ خواہش کو روبہ عمل لایا گیا ہے۔ انہوں نے محمد فرید الدین کی عوامی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نو تعمیر شدہ میونسپل شاپنگ کامپلکس کو اُن کے نام سے موسوم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں بلا تفریق ذات و مذہب تمام طبقات کی ترقی و خوشحالی کے لئے منفرد اور موثر اسکیمات کو روبعمل لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد اور غریبوں کے لئے ڈبل بیڈ مکانات تعمیر کرکے ان کے حوالے کیا جارہا ہے اور بالخصوص اقلیتوں کے بچوں کو اقامتی اسکولس کے قیام کے ذریعہ زیور تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام پر بوجھ ڈالنے والی حکومت بی جے پی ہے جبکہ بی آر ایس غریب عوام کی مدد کیلئے مصروف عمل ہے۔ یہ حقیقت عوام کے لئے لمحہ فکر ہے۔ اس موقع پر حج کمیٹی چیرمین محمد سلیم نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ہریش راؤ کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں ظہیرآباد میں منی حج ہاؤز کی تعمیر باعث مسرت ہے اور یہ کہ حاجیوں کے لئے بہتر انتظامات و بے لوث خدمات کی بدولت تلنگانہ حج کمیٹی کو سارے ملک میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے حج کمیٹی کی جانب سے ظہیرآباد منی حج ہاؤز کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس تقریب سے رکن پارلیمان ظہیرآباد بی بی پاٹل ، رکن اسمبلی ظہیرآباد کوننٹی مانک راؤ ، ریاستی یوتھ لیڈر محمد تنویر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں ہریش راؤ نے 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ میونسپل شاپنگ کامپلکس کا افتتاح کیاجب کہ ہوتی خورد میں ایک کروڑ روپے لاگتی مسلم شادی خانہ کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں 97 کروڑ روپے کی لاگت سے آر اینڈ بی اور پنچایت راج کی سڑکوں کی مرمت و درستگی کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔ میونسپلٹی کے حدود میں واقع رحمت نگر میں 19 کروڑ 25 لاکھ کے صرفہ سے تعمیر کئے گئے 312 ڈبل بیڈ روم مکانات استفادہ کنند گان کے حوالے کیا اور زیر التواء ڈبل بیڈ روم مکانات اور دیگر ترقیاتی کاموں میں سرعت پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے محلہ گڑھی میں بستی دواخانہ کا افتتاح کیا نیز موضع ریجنتل میں واقع سدی ونائیک مندر میں ڈی ایم ایف ٹی کے تحت جاری کردہ 2 کروڑ روپے لاگتی تعمیر ی ترقیاتی کاموں کا رسم افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرتھ ، ایڈیشنل کلکٹر راجرشی شاہ ، آر ڈی او رمیش بابو ، تحصیل دار ، میونسپل کمشنر، آر ائنڈ بی کے عہدیداروں کے علاوہ سید محی الدین صدر ٹاؤن بی آر ایس ، ڈی سی ایم ایس چیرمین شیو کمار ، سی ڈی سی چیرمین اوما کانت پاٹل ، آتما کمیٹی چیر مین پنٹا ریڈی ، محمد تنظیم احمد ، شیخ فرید رکن ریلوے مشاورتی بورڈ ، محمد یعقوب ، محمد جہانگیر ، محمد یونس ، محمد عبداللہ ، ناما روی کرن ، راملونیتا موتی رام ، ارکان بلدیہ ، حضرت سید شاہ عزیز الدین قادری سجادہ نشین ، مولانا عبدالمجیب قاسمی ، مفتی نذیر احمد حسامی ، سید ضیاء قاضی ، مفتی عبدالصبور قاسمی ، محمد ناظم الدین غوری محمد ایوب احمد ، محمد ماجد ، سید عتیق الرحمن ، محمد فاروق علی ، گورے میاں سکندر ، عبدالوحید ، محمد اکبر درگاہی ، محمد قطب الدین ، محمد تاج الدین و دیگر موجود تھے۔