بی جے پی حکومت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ بدعنوان

   

راہول گاندھی کو پارلیمنٹ سے نااہل قرار دینا غیر جمہوری، عادل آباد میں کانگریس قائدین کی پریس کانفرنس

عادل آباد ۔ 2 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کی حفاظت کی خاطر جس خاندان نے اپنے آپ کو قربان کیا اسی خاندان سے تعلق رکھنے والے کانگریس قومی قائد راہول گاندھی کو لوک سبھا رکنیت کے لئے نااہل قرار دینا جمہوری ملک کے لئے ایک سیاہ داغ۔ انیل کمار تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مبصر و سابق رکن اسمبلی نے قرار دیا۔ موصوف مستقر عادل آباد میں کانگریس ضلع صدر ساجد خاں کی قیام گاہ پر میڈیا سے مخاطب تھے۔ بی جے پی حکومت کو ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ بدعنوان حکومت قرار دیتے ہوئے انیل کمار نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی غیر معمولی مقبولیت کے بنا پر مرکزی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار بنی ہوئی ہے۔ لوک سبھا اجلاس میں اڈانی اور مودی کے تعلقات پر راہول گاندھی کی جانب سے کردہ سوال کو برداشت نہ کرتے ہوئے کانگریس قومی قائد کے خلاف یہ اقدام کیا گیا۔ بی جے پی کے دور حکومت میں بے روزگاری کا جہاں ایک طرف سوال پیدا ہو رہا ہے وہیں دوسری طرف اشیاء مایحتاج کی قیمتوں میں ہر روز اضافہ پایا جارہا ہے جس سے ملک کے عوام میں حالات کا سامنا کرنے میں دشواریاں پائی جارہی ہیں۔ بی جے پی حکومت عوامی دشواریوں کو محسوس کرتے ہوئے اس پر قابو پانے کے بجائے ملک کے سرمایہ کاروں سے اتنا تال میل بنائے رکھی ہے۔ میڈیا سے مخاطب کے دوران عادل آباد ضلع کانگریس پارٹی صدر ساجد خاں، پٹیل، ادے گجیندر، بلاک کانگریس کمیٹی صدر محمود خاں، افروز خاں، راہول خاں، محمد صادق، محمد غوث، محمد غیاث الدین، ڈگھیر راؤ پاٹل، سریدھر و دیگر موجود تھے۔