بی جے پی حکومت میں آکسیجن اور انسانیت کی قلت

,

   

آگرہ ہاسپٹل میں 22 افراد کی موت کے واقعہ پر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کا شدید ردعمل

ہاسپٹل مہر بند‘ واقعہ کی تحقیقات کا حکم

نئی دہلی : کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے اترپردیش کے آگرہ کے ایک خانگی ہاسپٹل میں اپریل میں پیش آئے ’ماک ڈرل‘ کے دوران آکسیجن کی سربراہی بند کرنے سے 5 منٹ میں 22 افراد کی موت کے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ ’’بی جے پی حکومت میں آکسیجن اور انسانیت کی شدید قلت ہے‘‘۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں ایک ویڈیو بھی وائرل کیا ہے جس میں آگرہ کے شری پارس ہاسپٹل کے مالک ڈاکٹر ارنجے جین کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ آکسیجن سپلائی 5 منٹ کے لئے بند کی گئی جس کے دوران 22 افراد کی موت واقع ہوگئی۔ کانگریس قائدین نے اِس خوفناک جرم کے لئے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے غم کی اِس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔تفصیلات کے مطابق آگرہ میں ایک خانگی ہاسپٹل نے مریضوں کا آکسیجن لیول چیک کرنے کے لئے ماک ڈرل کیا اور اس ماک ڈرل کے دوران صرف 5منٹ میں 22 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ شری پارس اسپتال کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ، اب ڈی ایم کے حکم پر ہاسپٹل کو مہر بند کردیا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہاسپٹل کے آپریٹر کے خلاف ایپیڈیمیک ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔جبکہ پرنسپل سکریٹری ہوم نے پاراس ہاسپٹل کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ یادر ہے کہ پارس اسپتال کی ایک وائرل ویڈیو میں 22 نازک حالت کے مریض آکسیجن کے بحران میں فرضی ڈرل کی وجہ سے پانچ منٹ میں ہلاک ہونے کی تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں۔ ویڈیو میں ہاسپٹل کے آپریٹر کا کہنا ہے کہ 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ پوری بات چیت آکسیجن بحران کے تناظر میں ہے جو 26 اور27 اپریل کو منظر عام پر آئی تھی۔سرکاری ریکارڈ میں 26 اپریل کو سری پارس ہاسپٹل میں چار کورونا مریضوں کی موت ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل ، ڈی ایم پربھو نارائن سنگھ نے کہا تھا کہ 26 اور 27 اپریل کو آکسیجن کی کمی ہے۔ لیکن ساری رات محکمہ صحت کے ساتھ انتظامیہ کی ٹیم اسپتالوں میں آکسیجن پہنچاتی رہی۔ انہوں نے کہا تھا کہ 26 اپریل کو کورونا کے 97 مریضوں کو شری پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ، ان میں سے 4 کی موت ہوگئی تھی۔ اس معاملے میں ، یوگی حکومت کے ترجمان اور کابینہ کے وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے معاملے کو گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے کارروائی کی بات کی تھی۔ ادھر ریاست کے وزیر صحت جئے پرتاپ سنگھ نے ماک ڈرل کے دوران آکسیجن بند کرنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الزامات ثابت ہونے پر ہاسپٹل کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔اس سوال پر کہ کیا یہ میڈیکل سسٹم کا حصہ تھا ۔ وزیر نے کہا کہ ایسا صرف فائر سیفٹی کی جانچ میں کیا جاتاہے۔ ہاسپٹل میں 55 مریض زیرعلاج تھے جنھیں دوسرے ہاسپٹلس میں منتقل کیا جائے گا۔