بی جے پی حکومت میں جمہوریت و دستور خطرہ میں : گہلوٹ

   

جئے پور 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے آج کہا کہ بی جے پی حکومت میں ملک میں جمہوریت اور دستور کو خطرہ لاحق ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے گہلوٹ نے کہا کہ یہ دونوں گذشتہ پانچ سال سے ملک پر حکومت کر رہے ہیں اور عوام بیشتر مرکزی وزرا کے نام تک نہیں جانتے ۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کے اقتدار میں جمہوریت اور دستور کو خطرہ لاحق ہے ۔ بی جے پی قائدین ملک کو کانگریس سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ جو لوگ ان سے سوال کرتے ہیں یا ان پر تنقید کرتے ہیں انہیں قوم مخالف بناکر پیش کیا جا رہا ہے ۔ یہ صورتحال آج ملک میں پیدا کردی گئی ہے اور یہ انتہائی تشویش کی بات ہے ۔ گہلوٹ نے کہا کہ نریندر مودی ایک اچھے ایکٹر ہیں اور انہیں سیاست کی بجائے فلمی صنعت میں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے گذشتہ انتخابات سے قبل بے شمار وعدے کئے تھے لیکن ایک بھی پورا نہیں کیا گیا ۔