بی جے پی حکومت میں ہر محکمہ بدعنوانیوں کا اڈہ :اکھلیش

   

لکھنؤ 22 اکتوبر (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے چہارشنبہ کو کہا کہ اتر پردیش کی بی جے پی حکومت میں ہر محکمہ میں بدعنوانی کا پہاڑ کھڑا ہو رہا ہے ۔ اکھلیش یادو نے ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی حکومت میں ہر محکمہ میں بدعنوانی کا جو پہاڑ کھڑا ہو رہا ہے ، اس کی اصل وجہ وہ لوگ نہیں ہیں جو وصولی کرتے ہیں، بلکہ وہ ’اہم حکومتی‘ افراد ہیں جو وصولی کرواتے ہیں، کیونکہ ان کے درمیان اقتدار کی بہت بڑی لڑائی اور عہدے کی شدید خواہش ہے ۔انہوں نے کہاکہ وصولی، رشوت، کمیشن اور چندے سے جمع کیا جا رہا بے تحاشا پیسہ دراصل ’بڑے عہدے ‘ کی تیاری ہے ۔ اصل خزانے کو مرکزی خزانے سے بڑا بنایا جا رہا ہے ، کیونکہ بی جے پی والوں اور ان کے ساتھیوں کی یہ روایت رہی ہے کہ جس کے پاس ’بڑا خزانہ‘ ہوگا، اسی کی اعلیٰ عہدے پر دعویداری مضبوط ہوگی۔ بڑے عہدے کی اس دوڑ میں وصولی کی وجہ سے ہر چیز کی قیمت بڑھ رہی ہے اور آخرکار اس کھینچا تانی کا نقصان عام عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ قابلِ ذکر ہے کہ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو بدعنوانی کے معاملے پر بی جے پی کو مسلسل گھیرنے میں مصروف ہیں۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی مواقع پر سوال اٹھا چکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے کہا تھا کہ اجودھیا، گورکھپور، وارانسی سمیت کئی اضلاع میں بی جے پی حامیوں نے غیر قانونی رجسٹریوں کے ذریعے کروڑوں روپے کا منافع کمایا ہے ، جبکہ غریب عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں غیر قانونی کان کنی، سرکاری زمینوں پر قبضہ اور جانوروں کی غیر قانونی تجارت کو اقتدار کا تحفظ حاصل ہے ۔ ’’جل جیون مشن‘‘ جیسی اسکیمیں بدعنوانی کا اڈہ بن چکی ہیں۔
کئی اضلاع میں پانی کی ٹنکیاں اور پائپ لائنیں پھٹ گئی ہیں، جب کہ سڑکوں کو گڈھوں سے پاک کرنے کی مہم میں بھی بڑے پیمانے پر گھپلے بازی ہوئی ہے ۔