بی جے پی حکومت نے یوپی میں نئے مافیا پیداکردئیے :اکھلیش

   

کانپور 13فروری (یواین آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادونے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی حکومت نے اتر پردیش میں نئے نئے مافیا کھڑے کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے “انکاؤنٹر مافیا، کف سیرپ مافیا، نیٹ مافیا اور اسکیم مافیا جیسے نئے ورژن تیار کیے ہیں۔ جمعہ کو کانپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بنیادی ڈھانچے کی فراہمی میں ناکام رہی ہے ، جس کے باعث کانپور اور اطراف کے علاقوں میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی ہے ۔ ان کا دعویٰ تھا کہ گزشتہ نو برسوں میں حکومت نے بجلی جنریشن میں ایک یونٹ کا بھی اضافہ نہیں کیا اور اس وقت جو بجلی مل رہی ہے وہ سماجوادی پارٹی کی حکومت کے دور میں قائم کیے گئے کارخانوں سے حاصل ہو رہی ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کانپورکو’بدنام پور’بنا دیا ہے ۔ انہوں نے ایک غریب برہمن ماں بیٹی کی جھونپڑی جلائے جانے کے واقعہ، سی ایم او کی جانب سے ڈی ایم کے خلاف بدعنوانی پر پریس کانفرنس، اور گنگا ندی میں نالوں کے گرنے جیسے معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات سے شہر کی شبیہ متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی دورحکومت میں پولیس نظام بدعنوان ہو چکا ہے اور’ہتھیلی گرم، پولیس نرم’ جیسی صورتحال بن گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کانپور میں بہتر ماحول اور واضح ضوابط بنائے جائیں تو بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے پر اٹاوہ، قنوج اور کانپور کو ملا کر’ٹرائنگل ٹریڈ’ کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ ساتھ ہی گنگا ندی پر گومتی ریور فرنٹ سے بہتر ریور فرنٹ بنانے ، ریئل اسٹیٹ کے ذریعے نیا کانپور بسانے ، لال املی کو دوبارہ فعال کرنے اور صنعت و ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ دینے کی بات بھی کہی۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب بی جے پی کمزور ہوتی ہے تو وہ فرقہ وارانہ راستہ اختیار کرتی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت میں سب سے زیادہ فرضی انکاؤنٹر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے تبصرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انصاف دینا عدالتوں کا کام ہے ، پولیس کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا نوجوان مایوس اور پریشان ہے ۔ حکومت روزگاراور نوکریاں نہیں دینا چاہتی کیونکہ ایسا کرنے پر ریزرویشن دینا پڑے گا۔ انہوں نے بی جے پی کو پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیتی) مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے پر ترقی کو رفتار دی جائے گی اور پی ڈی اے کے ذریعے تمام طبقات کو جوڑا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوگی وہ ہوتا ہے جس میں خواہشات نہ ہوں اورغصہ نہ آئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سب کچھ نجی ہاتھوں میں سونپ رہی ہے۔ رافیل سودے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بازار چین اورامریکہ کو دیا جا رہا ہے ، ایسے میں ‘میک ان انڈیا’ اور سوَدیشی تحریک کا کیا ہوگا، یہ ایک بڑا سوال ہے ۔