بی جے پی حکومت کو خطرہ نہیں چیف منسٹر ہریانہ سائنی کا دعویٰ

   

سرسا: ہریانہ حکومت سے تین آزاد اراکین اسمبلی کی حمایت سے دستبرداری پر اپنے رد عمل میں چیف منسٹر نایب سنگھ سائنی نے آج واضح کیا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن پارٹیاں خواہ کتنے ہی منصوبے بنالیں مگر ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے یہ بات بی جے پی کے لوک سبھا امیدوار ڈاکٹر اشوک تنور کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ گزشتہ روز آزاد ایم ایل ایز سومبیر سنگوان، رنبھیر سنگھ اور دھرمپال گوندر نے بی جے پی حکومت کی تائید سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ حکومت بنانے کی خواہش رکھتی ہے ۔سائنی نے دعویٰ کیا کہ ایک بار پھر بی جے پی ہریانہ میں 10 میں سے 10 لوک سبھا سیٹیں جیتے گی۔