بی جے پی حکومت کو شراب کی بھٹیاں کھولنے کی عجلت

,

   

کورونا وائرس پر قابو پانے سے زیادہ شراب کی فیکٹریاں دوبارہ شروع کرنے کی فکر:سرجے والا
چندی گڑھ ۔ /12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے ہریانہ کی بی جے پی ۔جے جے پی کی اتحادی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کو کورونا وائرس پر قابو پانے کی فکر سے زیادہ شراب کی بھٹیاں چلانے کی فکر ہے ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو ہریانہ کے 2.5 کروڑ عوام کی بہبود کی فکر نہیں ہے بلکہ شراب کی فیکٹریاں چلانے کی جلدی ہے ۔ انڈین نیشنل لوک دل لیڈر ابھئے سنگھ چوٹالہ نے ڈپٹی چیف منسٹر دیشانت چوٹالہ پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کا موثر علاج کرنے کے بجائے شراب کی فیکٹریوں کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کا اہم کام عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ہے ۔ ڈاکٹروں کو کورونا وائرس سے بچنے کے آلات فراہم کرنا ہے ۔ پولیس ملازمین ، صفائی کرم چاریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے عوام تک ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہئیے لیکن یہ حکومت شراب کے بیوپاریوں کو فائدہ پہونچانا چاہتی ہے ۔سرجے والا نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے علاوہ لاک ڈاؤن سے پریشان عوام کو راحت پہونچانا ہے ۔ حیرت اس بات کی ہے کہ سارا ملک وائرس کے پھیلاؤ سے پریشان ہے تو ہریانہ حکومت ڈسٹرلریز کی دوبارہ کشادگی کی اجازت دے رہی ہے ۔ ابھئے چوٹالہ نے کہا کہ یہ فیصلہ حیرت انگیز ہے ۔