تنظیم انصاف کی حیدرآباد کانفرنس، عزیز پاشاہ اور ولی اللہ کا خطاب
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے مرکز میں بی جے پی اقتدار کے خاتمہ کیلئے سیکولر اور جمہوری طاقتوں میں اتحاد کو واحد حل قرار دیا۔ عزیز پاشاہ آل انڈیا تنظیم انصاف کی تیسری ریاستی کانفرنس سے عنبرپیٹ میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 23 جون کو پٹنہ میں اپوزیشن اتحاد کیلئے اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی، لالو پرساد یادو، نتیش کمار، شردپوار، ایم کے اسٹالن، ممتا بنرجی، سیتا رام یچوری، ڈی راجا شرکت کریںگے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر کی عدم شرکت باعث حیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی اقتدار کے خاتمہ کے دن قریب آچکے ہیں۔ عزیز پاشاہ نے مسلم تحفظات کے وعدہ پر عمل آوری اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں ناکامی پر کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ولی اللہ قادری نے منی پور میں تشدد کیلئے مودی حکومت کو ذمہ دار قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کے حالات بے قابو ہوچکے ہیں۔ جوائنٹ کنوینر منیر پٹیل نے ظہیرآباد میں 24 اور 25 جون کو ریاستی سطح کی کانفرنس کی تیاریوں سے واقف کرایا۔ اجلاس میں شیخ ندیم کو صدر اور نجیب خاں کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ شادی مبارک، اسکالر شپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ فنڈز کی اجرائی کا مطالبہ کیا گیا۔ شاکر علی شبیر نے شکریہ ادا کیا۔ر