بی جے پی حکومت کے سیاہ قوانین سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس

   

شہریت قانون اور این آر سی سے خوف کا ماحول ،مسلم تحفظات پر دھوکہ ، بھٹی وکرمارکا کی تقریر

حیدرآباد ۔3۔ مارچ (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے سیاہ قوانین کے نتیجہ میں ملک میں بے چینی کا ماحول ہے ۔ لاکھوں افراد اپنے مستقبل کے بارے میں خوف اور اندیشوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے شہریت قانون اور این آر سی کے ذریعہ بی جے پی ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ بھٹی وکرمارکا آج گاندھی بھون میں پردیش کانگریس کے ایس سی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین کی حیثیت سے پریتم کی جائزہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کبھی بھی عوام کو اس قدر مسائل کا سامنا نہیں تھا جو گزشتہ 6 برسوں میں دیکھا گیا ہے۔ 6 برسوں کی حکمرانی میں سیاہ قوانین کے نام پر عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا گیا ۔ عوام اور دانشوروں کو اپنی شہریت ثابت کرنے کیلئے جدوجہد کرتے دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی اور شہریت قانون کے ذریعہ کئی خاندانوں کا مستقبل خطرہ میں پڑسکتا ہے۔ ملک بھر میں قوانین کے خلاف عوام احتجاج کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے سیکولر نظریات کے تحفظ کیلئے بی جے پی حکومت کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کا آغاز کیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے تحفظات کے نام پر مسلمانوں اور قبائل کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینے میں مودی اور کے سی آر میں یکسانیت ہے۔ کانگریس پارٹی کو کمزور طبقات کے قریب لانے کا مشورہ دیتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کمزور طبقات اور اقلیتوں کی تائید سے کانگریس کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ تحفظات کی برقراری کے سلسلہ میں خطرہ کی گھنٹی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ تحفظات دستوری حق کے طور پر تسلیم نہیں کئے جاسکتے۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں میں سپریم کورٹ کے فیصلہ سے بے چینی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 80 فیصد کا تعلق کمزور طبقات اور ا قلیتوں سے ہے۔ اگر یہ متحد ہوجائیں تو کے سی آر حکومت کا زوال یقینی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کانگریس کی صدارت پر راہول گاندھی کے نام کی تائید کی۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنتیا ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، سکریٹری اے آئی سی سی ڈاکٹر چنا ریڈی ، سابق وزیر جی ونود ، ترجمان اے آئی سی سی ڈاکٹر شراون ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر شیلجا ناتھ ، یوتھ کانگریس صدر انیل کمار یادو اور دیگر قائدین موجود تھے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مدھو یاشکی گوڑ ، سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار اور دوسروں نے مخاطب کرتے ہوئے کمزور طبقات اور اقلیتوں کو کانگریس کے حق میں متحد کرنے پر زور دیا۔