بی جے پی خاتون ایم پیز کو صحت، صفائی پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ

   

نریندر مودی کی رہائش گاہ پر خاتون ارکان پارلیمنٹ کیساتھ ناشتہ پر اجلاس، مختلف مسائل پر تبادلہ خیال

نئی دہلی۔12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر بی جے پی کی خاتون ارکان پارلیمنٹ سے ناشتہ پر ملاقات کی اور کہا کہ انہیں صحت اور صفائی پر توجہ مرکوز کرنا چاہئے اس کے ساتھ بچوں میں ناقص تغذیہ سے پیدا ہونے والے مسائل موثر انداز میں نمٹا جاناچاہئے۔ اس اجلاس میں زائد از 30 خاتون ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی اور مختلف مسائل کا تفصیلی تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم سے اپنے نظریات کا تبادلہ کیا۔ وزیراعظم نے ان تمام خاتون ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے اٹھائے جانے والے مسائل کی ہمدردانہ سماعت کی اور کہا کہ ہر ایک خاتون رکن پارلیمنٹ محض ایک فرد ہی نہیں بلکہ اپنے آپ میں ایک ادارے کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اس اجلاس میں شریک ایک خاتون رکن پارلیمنٹ نے ان تفصیلات کا انکشاف کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بحیثیت خاتون وہ (بی جے پی خاتون رکن پارلیمنٹ) غیرمعمولی طور پر بہترین صلاحیت کا اظہار کرچکی ہیں اور ان کی صلاحیتیں عوام سے موثر انداز میں مربوط کرسکتی ہیں۔ وزیراعظم مودی نے اپنی پارٹی کی خاتون رکن پارلیمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ صحت و صفائی اور ناقص تغذیہ سے پیدا ہونے والے مسائل کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کریں۔ وزیراعظم مودی اپنی پارٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے سلسلہ وار خطاب کررہے ہیں اور یہ اس سلسلہ کا پانچواں اجلاس تھا جس میں انہوں نے خاتون ارکان پارلیمنٹ سے تبادلہ خیال کیا۔ بی جے پی اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو 7 گروپوں میں تقسیم کی ہے اور مودی پہلے ہی اپنی پارٹی میں او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی زمروں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کرچکے ہیں۔ نومنتخب 17 ویں لوک سبھا میں 78 خاتون ارکان پا رلیمنٹ ہیں، ان کی یہ تعداد آزادی کے بعد سب سے زیادہ ہے جن کے منجملہ بی جے پی کے 41 خاتون ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ وزیراعظم کی طرف سے طلب کئے جانے والے یہ اجلاس تعارفی نوعیت کے ہوتے ہیں۔