بی جے پی در اصل ’’بِگ جوکرس پارٹی ‘‘ جیون ریڈی کا ریمارک

   

چیف منسٹر اور وزراء پر تنقید کا کوئی حق نہیں، رکن پارلیمنٹ اروند ہلدی بورڈ کا وعدہ پورا کریں

حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن اسمبلی جیون ریڈی نے بی جے پی کو ’بگ جوکرس پارٹی ‘ قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی قائدین تلنگانہ میں سیاسی مقصد براری کیلئے ٹی آر ایس حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے بی جے پی قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے انتخابات سے قبل ہلدی کے کاشتکاروں کو ہلدی بورڈ کے قیام کا وعدہ کرتے ہوئے بانڈ پیپر تحریر کیا تھا لیکن آج تک ہلدی بورڈ کے قیام کا وعدہ پورا نہیں ہوا اور مرکزی حکومت نے اس طرح کی کسی تجویز سے انکار کردیا ہے۔ ہلدی بورڈ کے قیام میں ناکام اروند کو کے سی آر، کے ٹی آر، کویتا اور ہریش راؤ کے بارے میں زبان درازی کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کا گھر تین جماعتوں میں تقسیم ہو اس کی سنجیدگی کا کیا بھروسہ۔ جیون ریڈی کا اشارہ دراصل والد ڈی سرینواس ( ٹی آر ایس ) اور بڑے بھائی کی کانگریس سے وابستگی کی جانب ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ اروند کو کرپشن اور بدعنوانیوں کے بارے میں کہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں۔ مرکز کی بی جے پی حکومت 28 ایسے بدعنوان افراد کا تحفظ کررہی ہے جنہوں نے بینکوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا کرنے والے ریونت ریڈی بھی حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔ کانگریس اور بی جے پی خاندانی حکمرانی کے مراکز ہیں۔ انہوں نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو چیلنج کیا کہ ان میں ہمت ہو تو وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کرتے ہوئے ہلدی بورڈ کی منظوری حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے لاکھ پدیاترائیں کی جائیں لیکن عوام بھروسہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کرتے ہوئے نئے نام کے ساتھ عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔R