بی جے پی دستورکی خلاف ورزی کررہی ہے :پرینکا

,

   

نئی دہلی 25نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی واڈرا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مہاراشٹر میں کرناٹک کے کھیل کو بھی دہرا رہی ہے اور آئینی اداروں کو اغوا کرکے آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔محترمہ واڈرا نے پیر کو ٹویٹ کیا ، ’’ٹی وی دکھا رہا ہے کہ بی جے پی مہاراشٹر میں اداروں اور آئین کو پامال کرتے ہوئے کرناٹک کے کھیل کو دوبارہ دہرانے کی کوشش کر رہی ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں ہزاروں کسان خودکشی کر رہے ہیں لیکن بی جے پی کو ان کی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ، ’’مہاراشٹر میں ، 12000 کسانوں نے خودکشی کرلی۔ بی جے پی حکومت کی جیب سے ان کے لئے مدد نہیں نکلی‘‘۔پارٹی کی جنرل سکریٹری نے بی جے پی کے وہاں حکومت بنانے کے اقدام کو مینڈیٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ،’’کیا ہم مینڈیٹ کو کھلے عام اغوا کرنے کے دورمیں پہنچ گئے ہیں‘‘۔