بی جے پی دستور کو پھاڑ کر پھینک دینا چاہتی ہے: راہول گاندھی

,

   

پارٹی نے ہندوستان کے دستور اور پرچم کو کبھی قبول نہیں کیا ۔ کنہیا کمار کے ساتھ میٹرو ریل میں سفر ‘ ریلی سے خطاب

نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات سے عین قبل کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج جمعرات کو دہلی میٹرو میںسفر کیا تاکہ رائے دہندوں سے رابطہ کرسکیں۔ شمال مشرقی دہلی حلقہ کے کانگریس امیدوار کنہیا کمار بھی راہول گاندھی کے ساتھ موجود تھے ۔ انہوں نے دہلی میٹرو میں سفر کی تصاویر شئیر کی ہیں۔ راہول گاندھی کو ٹرین میںسفر کے دوران ساتھی مسافرین سے بات چیت کرتے اور تصاویر بناتے دیکھا گیا ۔ راہول گاندھی نے میٹرو ریل سے سفر کرتے ہوئے منگول پوری میں پارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کیا ۔ دہلی میں 25 مئی کو چھٹے مرحلے میں ووٹ ڈالے جانے ہیں اور آج انتخابی مہم کے آخری دن کنہیا کمار کی تائید میں راہول گاندھی نے ریلی سے خطاب کیا ۔ دلشن گارڈن شمال مشرقی دہلی میں کنہیا کمار کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کے دستور کو پھاڑ دینے اسے پھینک دینے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جاریہ لوک سبھا انتخابات ملک کے دستور کو بچانے کی جدوجہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ( بی جے پی ) ہمیشہ سے چاہتی تھی کہ دستور کو ترک کردیا جائے اور اسے پھینک دیا جائے ۔ انہوں نے کبھی ہندوستانی دستور کو تسلیم کیا اور نہ ہندوستان کے پرچم کو قبول کیا ۔ راہول گاندھی نے ادعا کیا کہ انتخابی مہم کے دوران اپنی تقاریر سے بی جے پی قائدین خود یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ وہ ملک کے دستور کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ راہول گاندھی نے دستور کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ محض ایک کتاب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دستور در اصل گاندھی جی ‘ ڈاکٹر امبیڈکر اور پنڈت نہرو کے ہزاروں برس کا نظریاتی اثاثہ ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کو دستور میں کسی تبدیلی کے خلاف خبردار کیا اور کہا کہ وہ بی جے پی سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ دستور میں تبدیلی یا اسے بدلنے کی جراء ت نہ کرے ۔ ایسا کرنے پر بی جے پی کو ہمارا سامنا کرنا پڑیگا اور ہندوستان کے کروڑوں عوام کا سامنا کرنا ہوگا ۔ دہلی کی تمام سات نشستوں پر ہفتہ 25 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور نتائج کا اعلان 4 جون کو ہوگا۔ شمال مشرقی دہلی میں کانگریس کے امیدوار کنہیا کمار کا مقابلہ بی جے پی کے منوج تیواری سے ہوگا ۔ منوج تیواری یہاں دو مرتبہ سے رکن پارلیمنٹ ہیں تاہم اس بار انہیں کنہیا کمار سے سخت مقابلہ درپیش ہے ۔