ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے ۔ پی چدمبرم کا بیان
نئی دہلی 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ارون جیٹلی کی جانب سے پاکستان سے متعلق ریمارکس پر تنقیدوں کا سامنا کرنے کے بعد سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج جوابی تنقید کی اور سوال کیا کہ مرکزی وزیر کو یہ وضاحت کرنی چاہئے کہ بی جے پی دور حکومت میں کیوں در اندازی ‘ مداخلت کاری اور ہلاکتیں زیادہ ہوگئی ہیں۔ جیٹلی نے چدمبرم کے اس بیان پر تنقید کی تھی کہ ہندوستان کو اپنے پاکستان رویہ میں تبدیلی لانی چاہئے ۔ جیٹلی کا کہنا تھا کہ مسٹر چدمبرم کیوں پاکستان کی حمایت کر رہے ہیں اور ہندوستان کو اپنا رویہ بدلنے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ کیا ہمیں دہشت گردی کو سہتے رہنا چاہئے اور کچھ نہیں کرنا چاہئے ؟ ۔ جیٹلی کو نشانہ بناتے ہوئے چدمبرم نے کہا کہ انہیں کانگریس کا منشور پڑھنا چاہئے جس میں یہ کہہ دیا گیا ہے کہ دہشت گدی کو ختم کرنے کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور عسکریت پسندوں کی در اندازی کو بھی قابو میں کیا جائیگا ۔ چدمبرم نے کہا کہ مسٹر جیٹلی کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ اگر بی جے پی حکومت اتنی ہی سختی سے کارروائی کر رہی ہے تو پھر کیوں اس کے دور حکومت میں در اندازی ‘ مداخلت کاری اور ہلاکتیں بڑھ گئی ہیں۔ یہ ہلاکتیں عام شہریوںاور سکیوریٹی اہلکاروں دونوں کی ہیں۔ اپنے ٹوئیٹ میں چدمبرم نے سوال کیا کہ وزیر اعظم کیوں دن بدن متنازعہ بیان دیتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی کا نیوکلئیر امکان کو استعمال کرنے کا انتباہ غیر معمولی ہے ۔
