نئی دہلی حلقہ میں 5 ہزار ووٹ حذف کرنے اور 7500 شامل کروانے کا منصوبہ : کجریوال
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج بی جے پی پر دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری کا الزام عائد کیا ۔راجیہ سبھا رکن راگھو چڈھا اور چیف منسٹر دہلی آتشی کے ساتھ پریس کانفرنس میں، کجریوال نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مضبوط امیدوار یا مسائل پیش کرنے میں ناکامی کے بعدغیر منصفانہ ذرائع سے انتخابات جیتنے کی کوشش کر رہی ہے۔کجریوال نے کہاکہ بی جے پی پہلے ہی الیکشن ہار چکی ہے۔ ان کے پاس چیف منسٹر کا چہرہ یا مناسب امیدوار بھی نہیں ہے۔ اس کا مقصد ہیرا پھیری سے الیکشن جیتنا ہے، لیکن ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ساب چیف منسٹر دہلی نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی نے صرف ایک حلقے سے 11,000 ووٹرز کے نام ہٹانے درخواستیں دائر کی تھیں لیکن چیف الیکشن کمشنر کی مداخلت کے بعد یہ کوشش ناکام ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسے بے نقاب کیا اور روک دیا گیا۔ کجریوال نے کہا کہ 15 دسمبر کو ایک مہم شروع ہوئی، جس کے تحت ان کے اسمبلی حلقہ نئی دہلی میں اب تک 5000 ووٹرز کے نام ہٹانے اور 7500 ووٹرز کے نام شامل کرنے کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس حلقے کے 12 فیصد ووٹ بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 20 اگست سے 20 اکتوبر تک ایک مختصر نظرثانی کے بعد 29 اکتوبر کو شائع انتخابی فہرست کے مطابق حلقے میں ووٹرز کی جملہ تعداد 106,873 ہے۔کجریوال نے الزام لگایا کہ آپریشن لوٹس اب میرے حلقے میں پہنچ گیا ہے۔ وہ انتخابی نتائج کو تبدیل کرنے انتخابی فہرست میں ہیرا پھیری کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ہیرا پھیری جمہوریت کو نقصان پہنچاتی ہے۔ ہم الیکشن کمیشن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کے خلل کو روکنے سخت نگرانی جاری رکھے۔ ان الزامات پر بی جے پی کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔