بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا کورونا ٹسٹ

   

گن مین میں کورونا پازیٹیو کے بعد احتیاطاً طبی معائنہ، قریبی افراد کی نشاندہی
حیدرآباد۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے احتیاطی اقدامات کے طور پر اپنا میڈیکل ٹسٹ کروایا ہے تاکہ کورونا کاپتہ چلایا جاسکے۔ واضح رہے کہ راجہ سنگھ کے گن مین میں کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد راجہ سنگھ نے اپنا ٹسٹ کروایا جس کی رپورٹ ابھی باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی کے ساتھ رہنے والے افراد میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تلنگانہ میں کئی عوامی نمائندے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ جنگاؤں کے رکن اسمبلی ایم یادگیری ریڈی اور ان کے افراد خاندان میں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ نظام آباد ضلع کے دو ارکان اسمبلی باجی ریڈی گوردھن اور ڈی گنیش گپتا میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد حیدرآباد میں علاج کیلئے منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ باجی ریڈی گوردھن کی اہلیہ کے علاوہ ان کے ڈرائیور اور گن مین میں بھی کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ ان سے ربط میں رہنے والے افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی رام چندرا ریڈی بھی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ کورونا علامات کے سبب عوامی نمائندوں نے خود کو ہوم کورنٹائن کرلیا تھا جن میں ریاستی وزیر ہریش راؤ اور بھونگیر کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی شامل ہیں۔ ان دونوں کے نتیجے بعد میں نگیٹیو آئے جس کے بعد وہ دوبارہ عوام کے درمیان دکھائی دے رہے ہیں۔