بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے پر ہائی کورٹ کی برہمی

   

حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر کے انتخاب کے خلاف بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کی جانب سے ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے بنڈی سنجے کے رویہ پر ناراضگی جتائی۔ جی کملاکر کے انتخاب کے طریقہ کار کو بنڈی سنجے نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تاہم کراس اگزامنیشن کیلئے بنڈی سنجے کی غیر موجودگی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ کئی مرتبہ کراس اگزامنیشن کیلئے سنجے کو طلب کیا گیا لیکن انہوں نے مہلت طلب کی۔ فی الوقت امریکہ کے دورہ کے پیش نظر پھر ایک مرتبہ حاضری کیلئے مہلت طلب کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ انتخابی پٹیشن کی 6 ہفتوں میں سماعت مکمل کرتے ہوئے یکسوئی کردی جائے گی۔ بنڈی سنجے کے وکیل نے کہا کہ 12 ستمبر کو بنڈی سنجے عدالت میں حاضر ہوں گے۔ عدالت نے بنڈی سنجے کو کراس اگزامنیشن کیلئے حاضری کے موقع پر آرمی ویلفیر فنڈ میں 50 ہزار روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی۔ 21 جولائی سے تین مرتبہ بنڈی سنجے نے کراس اگزامنیشن کیلئے موجود رہنے کیلئے مہلت مانگی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر بنڈی سنجے کو کراس اگزامنیشن کیلئے آنا ہوتو انہیں 50 ہزار روپئے آرمی ویلفیر فنڈ میں جمع کرنے ہوں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت 20 ستمبر کو مقرر کی ہے۔