پولیس سے بحث و تکرار، بی جے پی کارکنوں کا احتجاج
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا کو پولیس نے آج کوڑنگل کے لگچرلا گاؤں کے دورہ سے روک دیا۔ ڈی کے ارونا دو دن قبل وقار آباد کے کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر حملہ کے واقعہ کے پس منظر میں گاؤں والوں سے ملاقات کیلئے جارہی تھیں۔ پولیس نے انہیں گاؤں میں داخلہ کی اجازت نہیں دی۔ اس موقع پر بی جے پی کارکنوں کے احتجاج کے نتیجہ میں صورتحال کسی قدر کشیدہ ہوگئی۔ ڈی کے ارونا نے پولیس عہدیداروں سے بحث کرتے ہوئے کہا کہ وہ رکن پارلیمنٹ کے طور پر کوڑنگل کا دورہ کرنا چاہتی ہیں ۔ پولیس نے گاؤں میں امتناعی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے دورہ کی اجازت نہیں دی۔ ڈی کے ارونا نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپوزیشن قائدین کو حقیقی صورتحال سے بے خبر رکھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ میں امن و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وہ پہنچی ہیں۔ وہ ضلع کلکٹر سے ملاقات کی خواہاں ہیں تاکہ حقائق کا پتہ چلایا جاسکے۔ ڈی کے ارونا نے الزام عائد کیا کہ کسانوں سے اراضیات کے جبراً حصول کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فارما کمپنیوں کی تفصیلات جاری کی جائیں جن کیلئے اراضی حوالے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے جبراً اراضی کا حصول غیر قانونی ہے۔ 1
انہوں نے کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر حملہ کے واقعہ کو عوامی ناراضگی کا نتیجہ قرار دیا۔ 1