بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو دوسری مرتبہ دھمکی آمیز کال

   

رگھونندن راؤ ہاسپٹل میں زیر علاج
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ کو ایک ہفتہ میں دوسری مرتبہ ماؤسٹوں کے نام پر دھمکی آمیز کال موصول ہوا ہے۔ رگھونندن راؤ ان دنوں حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں آرتھوپیڈک عارضہ کے تحت زیر علاج ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دو علیحدہ نمبرات سے ٹیلی فون کالس موصول ہوئے جس میں چھتیس گڑھ کے سرحدی علاقوں میں جاری ماؤسٹوں کے خلاف آپریشن کگار کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ کالر نے خود کو ماؤسٹ نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے دھمکی دی اور کہا کہ آندھرا پردیش ماؤسٹ کمیٹی کی ہدایت پر پانچ ٹیمیں متحرک ہوچکی ہیں۔ کالر نے حیدرآباد میں ٹیموں کی موجودگی کے بارے میں دھمکی دی۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ سے کہا گیا کہ اگر ان میں ہمت ہو تو اپنے آپ کا تحفظ کرلیں۔ نامعلوم شخص نے کہا کہ فون نمبر سے ٹریس کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعہ یہ کالس کئے گئے تھے۔ رگھونندن راؤ کو پہلی مرتبہ 23 جون کو دھمکی آمیز کال موصول ہوا تھا جس کی شکایت ڈائرکٹر جنرل پولیس، میدک اور سنگاریڈی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے کی گئی۔ رگھونندن راؤ کی قیام گاہ اور ہاسپٹل میں سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ رگھونندن راؤ نے دھمکی آمیز کال کی تفصیلات اور فون نمبرات سے پولیس کو ہاسپٹل سے واقف کرایا۔ 1