بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کانگریس کا مطالبہ

   

مخالف گاندھی جی بیان کی مذمت، ملو روی کا بیان
حیدرآباد ۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی نے مہاتما گاندھی کے خلاف بیان دینے والے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیگڈے کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے مہاتما گاندھی اور جدوجہد آزادی کی توہین کی ہے۔ مہاتما گاندھی نے ملک کی آزادی کے لئے عظیم تر جدوجہد کی قیادت کی لیکن بی جے پی رکن پارلیمنٹ تحریک آزادی کو انگریزوں سے ملی بھگت قرار دے رہے ہیں۔ ملو روی نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے خلاف بی جے پی قائدین کے مخالف بیانات نئے نہیں ہیں۔ ہیگڈے سے قبل دیگر بی جے پی قائدین نے مہاتما گاندھی پر تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں ایسے قائدین کی کمی نہیں جنہوں نے مہاتما گاندھی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کو دیش بھکت قرار دیا تھا۔ ملو روی نے کہا کہ بی جے پی ایک طرف گاندھی سنکلپ یاترا کا اہتمام کرتے ہوئے مہاتما گاندھی کے اصولوں پر چلنے کا دعویٰ کر رہی ہے تو دوسری طرف ہیگڈے جیسے قائدین کے بیانات سے بی جے پی کے دعوؤں پر شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی واقعی مہاتما گاندھی کا احترام کرتی ہے تو اسے چاہئے کہ ہیگڈے کو نہ صرف پارٹی بلکہ پارلیمنٹ کی رکنیت سے برطرف کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کیلئے مہاتما گاندھی کی خدمات سے ہر کوئی واقف ہیں۔ دنیا بھر میں گاندھی کے عدم تشدد کے پیام کی ستائش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار میں گوڈسے کی حمایت کرنے والے قائدین کی کمی نہیں ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کو رکن پارلیمنٹ ہیگڈے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اپنی سنجیدگی ثابت کرنی چاہئے ۔