پریاگ راج : تین نئے زرعی قوانین کے خلاف بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کی پھول پور سے رکن پارلیمنٹ کیسری دیوی پٹیل کی رہائش گاہ کا گھیرا کرنے جارہے 26 کانگریس کارکنان کو پولیس نے آج حراست میں لے لیا۔تحریک چلا رہے کسانوں کی حمایت میں کانگریس کی قومی قیادت کی پکار پر ملک بھر میں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی رہائش گاہوں کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسی سلسلے میں یریاگ راج میں کانگریس نے بھی پھول پور رکن پارلیمنٹ کیسری دیوی پٹیل کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا لیکن مظاہرے سے پہلے ہی پولیس کو اس کی بھنک لگ گئی تھی۔ پولیس نے میو ہال چوراہے پر واقع رکن پارلیمنٹ کی رہائش گاہ کو چھاونی میں تبدیل کردیا۔کانگریس کے ضلع صدر ارون تیواری کی قیادت میں کانگریس ارکان نے پہلے سے اعلان کئے گئے پروگرام کے تحت ممبر پارلیمنٹ کی رہائش گاہ کے قریب پہنچ کر مودی حکومت کے خلاف جم کر ہنگامہ اور نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین پر ہلکی طاقت کا استعمال کرے انہیں حراست میں لیکر پولیس لائن بھیج دیا۔
