بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت

   

Ferty9 Clinic

ترجمان ایم بی ٹی امجد اللہ خاں کا ردعمل
حیدرآباد ۔9 ۔ جنوری (راست) مجلس بچاؤ تحریک نے نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے اشتعال انگیز بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے تاریخی نظام آباد ضلع کا نام تبدیل کرتے ہوئے اندور رکھنے کا مطالبہ کیا۔ ڈی اروند کے بیان کو قابل اعتراض ، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خاں نے آصف سابع نواب عثمان علی خاں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کا بیان تاریخی حقائق اور تلنگانہ کے روایتی کلچر کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ نے اقلیتوں کے جذبات کو مجروح کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر کرنے کیلئے جان بوجھ کر یہ بیان دیا تاکہ مجوزہ بلدی انتخابات میں نظام آباد کے ووٹرس کو مذہب کی اساس پر منقسم کیا جائے۔ امجد اللہ خاں نے کہا کہ بی جے پی اور مجلس اتحاد المسلمین اگرچہ ایک دوسرے کے سیاسی حریف ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن نظام آباد ضلع کے نام کی تبدیلی کے مسئلہ پر ملا جلا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے حالیہ اجلاس میں بی جے پی اور مجلس کے ارکان نے عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے غیر ضروری متنازعہ مسئلہ کو ہوا دینے کی کوشش کی۔ ایم بی ٹی ترجمان نے کمشنر پولیس نظام آباد سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے اشتعال انگیز بیان پر از خود کارروائی کرتے ہوئے ٹریبونل کیس درج کریں۔ انہوں نے نظام آباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مجلس اور بی جے پی کے ایجنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ دونوں پارٹیاں ضلع کے حقیقی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں اور مذہبی جذبات کو مشتعل کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ امجد اللہ خاں نے کہا کہ نظام آباد کا نام تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مخالفت کی جائے گی۔