مملکتی وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کشن ریڈی کا پہلا دورہ ، تہنیتی جلسہ سے خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کے بعد ضلع محبوب نگر میں ایک 22 سالہ شخص کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی آج پولیس کو ہدایت کی ۔ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مہلوک شخص بی جے پی کا کارکن تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ’اس نظریہ کے لیے کئی کارکنوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے ۔ ہم نے دیکھا کہ محبوب نگر میں ایک بی جے پی کارکن پریم کمار کا قتل کردیا گیا کیوں کہ اس نے ایم پی ٹی سی ( دیہی مجالس مقامی ) انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے لیے کام کیا تھا ‘ ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ناگر کرنول ، سدی پیٹ اور ریاست کے چند دیگر مقامات پر ہنوز اس قسم کے حملے ہورہے ہیں ۔ کشن ریڈی جمعہ کو رات دیر گئے یہاں بی جے پی کارکنوں کی طرف سے منعقدہ خیر مقدمی و تہنیتی جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ کشن ریڈی کو مرکزی کابینہ میں بحیثیت مملکتی وزیر داخلہ شامل کیا گیا ہے ۔ نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ کل حیدرآباد پہونچے تھے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ’ محبوب نگر میں پریم کمار کے قتل کی میں ایک بی جے پی لیڈر اور ایک مرکزی وزیر کی حیثیت سے سخت مذمت کرتا ہوں ۔ پولیس افسران کو حکم دیتا ہوں کہ وہ اس قسم کے حملوں اور قتل کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ ہی اپنے کارکنوں کے ساتھ رہی ہے ۔ ان ( کارکنوں ) نے اگر کہیں کوئی نا انصافی ہوتی تو وزیراعظم نریندر مودی بھی بی جے پی کے ان کارکنوں کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کو یہ سمجھ لینے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی کارکن اپنے خلاف کسی ظلم کی صورت میں خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔۔
