لکھنو: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے اترپردیش میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سیلاب کی آڑ میں بی ایس پی کے روشن خیال لوگوں کی کانفرنس میں رکاوٹ ڈالنے کی نفرت کی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے ۔مایاوتی نے پیر کو کہا کہ سیلاب متاثرین کو مدد پہنچانے کی بجائے بی جے پی ‘جن آشیرواد یاترا’ کا انعقاد کررہی ہے اور بی ایس پی پر الٹا الزام لگا رہی ہے کہ ان کی پارٹی سیلاب متاثرین کی مدد نہ کرکے روشن خیال طبقہ کی کانفرنس کررہی ہے ۔ یہ سب جانتے ہیں کہ بی ایس پی کے لوگوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق کورونا کے دور میں سرکاری نظراندازی کے شکار لوگوں کی مدد کی۔ بی ایس پی کے لوگوں نے سیلاب متاثرین کی بھی مدد کی ہے ، اس میں انہیں بی جے پی کی صلاح کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی ایس پی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں پر الزام لگانے کی بجائے بی جے پی حکومت کو سیلاب متاثرین کی مدد کی اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے ۔ صرف فضائی دورہ کرنے سے سیلاب متاثرین کا مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے بلکہ انہیں وقت سے راحتی سامان بھی پہنچانا چاہئے ۔بی ایس پی کی سربراہ محترمہ مایاوتی نے صلاح دی کہ بی جے پی نے آج سے جن آشیرواد یاترا شروع کی ہے ۔بہتر ہوتا کہ پارٹی اپنی یاترا کو سیلاب متاثرین مدد کی یاترا کے طورپر نکالتی۔