بی جے پی سے اخراج کا کوئی خوف نہیں ہے: شتروگھن سنہا

   

کولکاتا، 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ناراض بی جے پی رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا بھی آج کولکاتا میں اپوزیشن کی میگا ریلی میں شریک ہوئے اور کہا کہ انہیں بی جے پی سے اخراج کا کوئی خوف نہیں ہے ۔ وہ پارٹی کو آئینہ دکھاتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر لیڈر یشونت سنہا کا کہنا تھا کہ انہیں اس ریلی کے بعد پارٹی سے خارج کردیا جائیگا لیکن انہیںاس بات کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حالانکہ بی جے پی میں ہیں لیکن اس سے قبل وہ ملک کے عوام کے ساتھ ہیں اور وہی ان کے تعلق سے فیصلہ کرینگے ۔

مودی حکومت اعداد و شمار سے
کھیل رہی ہے : یشونت سنہا
کولکاتا 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے آج مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی کے بعد پہلی حکومت ہے جو صرف اعداد و شمار سے کھیل رہی ہے ۔ انہوں نے کولکتہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہ وقت آگیا ہے کہ حکومت کی ستائش کرنا حب الوطنی کی دلیل بن گیا ہے ۔ آزادی کے بعد مودی حکومت پہلی حکومت ہے جو صرف اعداد و شمار سے کھیل رہی ہے ۔ کوئی کام کاج کرنے کی بجائے دوسروں کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔