حلف برداری سیشن کا بائیکاٹ ، بی جے پی قائد مقننہ کا انتخاب نہیں کیا گیا
حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کی صدارت میں بی جے پی کے منتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اکبرالدین اویسی کو عبوری اسپیکر نامزد کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسمبلی کے حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ بی جے پی ارکان اسمبلی کا ایک وفد راج بھون پہنچ کر گورنر کے دستیاب نہ ہونے پر ان کے سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے اکبرالدین اویسی کو عبوری اسپیکر بنانے کی مخالفت کی اور حلف نہ لینے کی وجہ سے بھی واقف کرایا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ جی کشن ر یڈی اور راجہ سنگھ کے درمیان بھی تیکھی نوک جھونک ہوگئی ہے جس کے بعد بی جے پی کی قومی قیادت نے مداخلت کی اور بی جے پی کے منتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت اور پارٹی میں اتحاد ہونے کا عوام کو پیغام پہنچانے کی ہدایت دی جس کے بعد تلنگانہ بی جے پی آفس میں جی کشن ریڈی نے اجلاس منعقد کیا۔ن