بی جے پی سے خفیہ مفاہمت، کمیونسٹ جماعتوں کو دھوکہ : ریونت ریڈی

   

Ferty9 Clinic

بی آر ایس، مجلس اور بی جے پی تینوں ایک ہیں، سابق وزیر اے چندر شیکھر کانگریس میں شامل

حیدرآباد۔ /23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے خفیہ مفاہمت کے نتیجہ میں کے سی آر نے کمیونسٹ جماعتوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں سابق وزیر ڈاکٹر کے چندر شیکھر اور ان کے حامیوں کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے اور سابق وزیر جی پرساد کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس تینوں ایک ہیں اور کانگریس پارٹی کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر گذشتہ 50 برسوں میں کانگریس کی کارکردگی کے بارے میں سوال کررہے ہیں۔ انہیں جاننا چاہیئے کہ ناگرجنا ساگر اور دیگر بڑے پراجکٹس کانگریس کی دین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین تاریخ سے واقف نہیں ہیں اور وہ کانگریس کے کارناموں پر مباحث کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہی علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کمیشن کے حصول کیلئے کی ہے۔ تلنگانہ کو ملک کی نمبرون ریاست قرار دینا مضحکہ خیز ہے۔ کالیشورم پراجکٹ میں ایک لاکھ کروڑ کی دھاندلیاں کی گئی ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں 25 لاکھ اندراماں مکانات تعمیر کئے گئے تھے۔ کے سی آر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے وعدہ کی تکمیل نہیں کی۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں بی جے پی ، بی آر ایس اور مجلس کی واحد متبادل ہے۔ تینوں پارٹیوں کو شکست دیتے ہوئے عوام کو کانگریس کا اقتدار یقینی بنانا چاہیئے۔ کانگریس برسراقتدار آتے ہی کسانوں کے دو لاکھ روپئے قرضے معاف کئے جائیں گے اور دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپئے تک کا مفت علاج کیا جائے گا اور غریبوں کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 26 اگسٹ کو چیوڑلہ میں کانگریس کا جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے ایس سی ڈیکلریشن جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد امیت شاہ سے خفیہ مفاہمت کی اور بائیں بازو جماعتوں سے مفاہمت ختم کردی گئی۔
اسی دوران ریونت ریڈی نے چیوڑلہ میں 26 اگسٹ کے پرجا گرجنا پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔