مہم میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت ، ویب سائٹ مہم پر بنگالی عوام کا اچھا ردعمل
کولکتہ : ٹی ایم سی کی ڈیجیٹل مہم ’خود کو بی جے پی سے محفوظ بنایئے‘ اندرون ایک ماہ 10 لاکھ کے نشانے کو عبور کرچکی ہے۔ پارٹی نے ایک بیان میں بتایا کہ مغربی بنگال میں برسراقتدار ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے 23 اکتوبر کو ایک مہم شروع کی تاکہ عوام کو 2021ء کے ریاستی چناؤ سے قبل ملک میں بی جے پی کی مبینہ غلط کاریوں کے تعلق سے واقف کرایا جاسکے۔ یہ ڈیجیٹل مہم انتخابی حکمت ساز پرشانت کشور کی ذہنی اختراع ہے۔ انہوں نے آئی۔ پی اے سی (انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی) ٹیم کے ساتھ مل کر یہ مہم شروع کی جس میں 18 تا 35 سال کے عمر والے بنگالی افراد کی زیادہ شرکت دیکھنے میں آئی ہے۔ ویب سائٹ
savebengalfrombjp.com
پر پہلے ہی 10 لاکھ سے زائد بنگالی عوام حصہ لے کر خود کو بی جے پی سے محفوظ کرچکے ہیں۔ 17 نومبر تک زائد از 14 لاکھ افراد نے اس ویب سائٹ کا مشاہدہ کیا۔ اس مہم کیلئے فیس بک گروپ کے بھی 93,323 ارکان ہوچکے ہیں۔ اس مہم میں حصہ لینے کیلئے عوام کو نئی ویب سائٹ پر خود کو رجسٹر کرنا ہوگا۔ سائٹ پر اس طرح کے پیام ملیں گے کہ کیا آپ عوام کے مابین تفرقہ کی سیاست کے مخالف ہیں، کیا آپ نفرت کے مخالف ہیں، کیا آپ آمریت کے خلاف بولیں گے، کیا آپ اپنی آزادی میں دخل اندازی کے خلاف لب کشائی کریں گے۔