چینائی : ٹملناڈو بی جے پی کے عہدے دار کے عہدے سے ہٹائی گئی مقبول اداکارہ گایتری رگھورام نے ریاستی صدر کے انامالائی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں خواتین محفوظ نہیں ہیں، منگل کو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ گایتری نے ٹوئٹر پر یہ بھی الزام لگایا کہ پارٹی میں خواتین کو نہ تو احترام دیا جاتا ہے اور نہ ہی انہیں برابر مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بہت بھاری دل کیساتھ بی جے پی سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ پارٹی نہ تو تحقیقات کا موقع دیتی ہے ، نہ خواتین کو مساوی حقوق دیتی ہے اور نہ ہی خواتین کو احترام دیتی ہے ۔ وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، پارٹی صدر جے پی نڈا اور پارٹی لیڈر بی ایل سنتوش کو مخاطب کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انامالائی کی قیادت میں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ پارٹی میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے گایتری نے کہا کہ خواتین کو اس بات پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے کہ کوئی انہیں بچائے گا اور ایسی جگہوں پر نہیں رہنا چاہیے جہاں ان کا احترام نہ کیا جاتا ہو۔