ممبئی: اجیت پوار اپنے ہاتھ کی سرجری کے بعد اپنی چاچی پرتیبھا پوار (شرد پوار کی بیوی) سے ملنے سلور اوک گئے۔ اجیت پوار نے اس ملاقات کے بعد کہا تھا کہ سیاست الگ ہے اور خاندان الگ ہے۔ اس کے بعد اجیت پوار اور ان کے وزراء نے ہفتہ کو وائی بی چوان سینٹر میں شرد پوار سے ملاقات کی۔ انہوں نے شرد پوار سے معافی بھی مانگی تھی۔ انہوں نے شرد پوار سے تعاون اور آشیرواد بھی طلب کیا تھا۔ تاہم شرد پوار نے اجیت پوار اور ان کے وزراء کو کوئی جواب نہیں دیا۔ یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ اب آج ایک بار پھر اجیت پوار اپنے اراکین اسمبلی کے ساتھ شرد پوار سے ملنے پہنچے۔ اجیت پوار اور شرد پوار کی بغاوت کے بعد یہ تیسری ملاقات ہے۔ اس وقت شرد پوار وائی بی چوان سنٹر میں موجود نہیں تھے۔ وہ سلور اوک میں اپنے گھر پر موجود تھے۔ اجیت پوار اور اراکین اسمبلی کے وائی بی چوان سینٹر پہنچنے کی خبر کے بعد شرد پوار بھی وہاں پہنچ گئے ہیں۔
