نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا کی مدت کار اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے جون 2024 تک بڑھا دی گئی ہے۔ راجدھانی میں منعقد ہونے والی بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی اور مسٹر نڈا کی میعاد جون 2024 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایگزیکٹو میٹنگ میں یہ تجویز پیش کی جس کی تمام اراکین نے متفقہ طور پر حمایت کی۔ نڈا کی موجودہ میعاد 20 جنوری کو ختم ہو رہی ہے ۔ اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے پارٹی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر نڈا کے تین سالہ دور اقتدار میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بڑے پیمانے پر عوامی حاصل ہوئی ہے ۔ شاہ نے کہا کہ ان کی قیادت میں 73 انتخابات جیتے ہیں۔ بوتھ ایمپاورمنٹ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار بوتھس کو مضبوط کرنے کا کام کیا گیا۔